احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

Last Updated On 23 April,2020 09:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور جانچ پڑتال کے لیے کئی محکموں سے معاونت حاصل کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر شہباز گل نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے اندر اب تک 57 لاکھ خاندانوں میں 69 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت پہلی کیٹگریری ون 80 فیصد مکمل ہو چکی ہے، دوسری کیٹگری کے لیے فنڈز تقسیم کیے جا رہے ہیں جبکہ تیسری کیٹیگری کے لیے وزارت صنعت کی معاونت سے فنڈز تقسیم ہوں گے۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے والوں کو رقم کی ادائیگی بڑا مسئلہ تھا، اب شناختی کارڈ کی مدت کی شرط ختم کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس کیش کے لیے ایس ایم ایس 14 کروڑ 64 لاکھ 2 ہزار 638 موصول ہوئے، جس میں سے 4 کروڑ 48 لاکھ ایسے شناختی کارڈ نمبر تھے جن سے ایک سے زائد بار میسج کئے گئے تھے، یوں لگ بھگ 88 لاکھ کارڈ فیملی کے نام بار بار آنے پر مسترد کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ اس پروگرام کو غیر سیاسی اور شفاف رکھا جائے۔ یہ پروگرام لاک ڈاؤن اور مشکل حالات میں چل رہا ہے۔ مسئلے آتے ہیں مگر یقین دلاتے ہیں، ہم کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوموار سے نادرا کے دفاتر کھل رہے ہیں۔ بائیومیٹرک کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ احساس راشن پروگرام کے تحت اکٹھا ہونے والا ڈیٹا مخیر افراد اور اداروں کو دیا جائے گا۔
 

Advertisement