ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں، سختی سے عمل درآمد کروائیں گے: عثمان بزدار

Last Updated On 14 June,2020 10:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں برداشت نہیں کریں گے، ماسک پہننے پر سختی سےعمل درآمد کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے کوئین میری کالج لاہور کی جانب سے کورونا فنڈ کے لئے7 لاکھ 89 ہزار روپے کا چیک دیا۔

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے وزیراعلی سے ملاقات کی اور کوئین میری کالج لاہور کی اساتذہ اور عملے کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ میں عطیہ کیا گیا چیک دیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کوئین میری کالج کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ میں رقم عطیہ کرنے پراساتذہ اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا ہے کہ چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں عطیہ کی جانے والی رقم کے امین ہیں، فنڈ کی رقم کو ایمانداری کے ساتھ حقداروں تک پہنچایا جائے گا- پاکستانی عوام نے ہمیشہ آزمائش میں متاثرہ بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے- پاکستانی قوم نے ہر چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے- کورونا وباء کے باعث معاشی اور سماجی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ ہم سب کو بدلتے ہوئے ماحول کے مطابق طرز زندگی بدلنا ہوگا-

عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کرنے میں ہی تحفظ ہے- پنجاب میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا- خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہو گی-کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کو حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد کرنا ہو گا- عوام کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنا ان کی اور ان کے پیاروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال سکتا ہے- بازاروں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں برداشت نہیں کریں گے-
 

Advertisement