پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا بھی کورونا وائرس میں مبتلا، خود کو قرنطینہ کرلیا

Last Updated On 15 June,2020 09:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور صوبائی وزیر شہلا رضا کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔ وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کیے گئے اپنے ایک پیغام میں شہلا رضا نے بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ خیال رہے کہ شہلا رضا نے پہلے بھی ٹیسٹ کرایا تھا جو منفی آیا تھا تاہم دوبارہ ٹیسٹ کرانے ان میں کورونا وائرس موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔

 

اپنی ٹویٹ میں شہلا رضا نے عوام سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے اپنی ٹیسٹ رپورٹ بھی شئیر کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میرے لیے دعا کی درخواست ہے، اب باقی اہلخانہ کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ 

دوسری جانب خبریں ہیں کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ فیصل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ شاہ فیصل خان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر ہنگو سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ کراچی میں ن لیگ کے رہنما دوست محمد فیضی اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر انتقال کر گئے ہیں جبکہ شاعرہ کشور ناہید بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی دوست محمد فیضی کلفٹن کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
 

Advertisement