پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

Last Updated On 27 June,2020 10:38 am

لاہور: (دنیانیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی جواز نہیں، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، گزشتہ کئی روز سے ملک بھرمیں عوام کو پٹرول کی قلت کا سامنا رہا، اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیا جائے، اعلیٰ عدلیہ اس اضافہ کے خلاف سوموٹو لے اور تحقیقاتی کمیشن بنا کر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

 خیال رہے حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 25 روپے 58 پیسے اضافہ کر دیا جس کے بعد قیمت 100 روپے 10 پیسے فی لٹر ہوگئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 21 روپے 31 پیسے فی لٹر مہنگا کر کے 101 روپے 46 پیسے فی لٹر کر دیا۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 23 روپے 50 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد اس کی قیمت 59 روپے 6 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل 17 روپے 84 پیسے مہنگا کر کے 55 روپے 98 پیسے فی لٹر کا کر دیا گیا ہے۔

Advertisement