عزیر بلوچ جے آئی ٹی پر ملکی ادارے جلد سیریس ایکشن لیں گے:وفاقی وزیرعلی زیدی

Last Updated On 10 July,2020 11:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ بہت جلد ملکی ادارے عزیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ پر سیریس ایکشن لیں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے آج اس معاملے پر سارے سوالات کے جواب دیئے اور کہا یہ عدالت میں جائیں، ہم جواب دیں گے جبکہ رینجرز کے سابق سیکٹر انچارج نے بھی آج انکشافات کر دیئے ہیں، اب ساری چیزیں کھل جائیں گی۔ سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے پاس عزیر بلوچ جے آئی ٹی تھی۔ سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا کہ اسے جاری کیا جائے۔ تاہم مجھے یہ جے آئی ٹی ساڑھے تین سال پہلے ملی تھی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جب ہم وزیر نہیں تھے تو بہت سارے خط آتے تھے۔ میرے گھر میں کوئی لفافہ چھوڑ کر گیا تھا، اسے کھولا تو رونگٹے کھڑے ہوگئے۔ مسئلہ یہ نہیں رپورٹ کیسے ملی، اصل بات یہ کہ اس میں لکھا کیا ہے۔ اس جے آئی ٹی پر بڑے بڑے لوگوں کے دستخط بھی ہیں۔

سندھ کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ لفافے پر بڑی باتیں کر رہی ہے، لفافے کی بنیاد پر ہی تو پوری پارٹی ان کو مل گئی تھی، ہمیں کیا پتا کس نے وصیت لکھی؟

وفاقی وزیر نے بتایا کہ عزیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ پر وزیراعظم کی سطح پر میٹنگ ہو رہی ہیں۔ وفاق پلان بنا رہا ہے، بہت جلد اس پر سخت ایکشن نظر آئے گا۔ وقت آنے پر وزیر داخلہ بھی اس معاملے پر بولیں گے۔

 

Advertisement