کراچی والوں کی سنی گئی، اتوار سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان

Last Updated On 11 July,2020 11:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں اتوار سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کے الیکٹرک کیلئے فرنس آئل اور گیس کی سپلائی بڑھا دی، بجلی بحران میں غلطی کس کی تھی، نیپرا فیصلہ کرے گا۔

اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجلی کی فراہمی میں ہر سال بتدریج اضافہ کیا جائے گا، کراچی میں آئندہ سال 18 فیصد بجلی کا اضافہ کیا جائے گا، نیپرا کراچی میں لوڈشیڈنگ پر 4، 3 دن میں رپورٹ جاری کر دے گا، نیپرا کراچی لوڈشیڈنگ سے متعلق فیصلہ کرے، حکومت عملدرآمد کیلئے تیار ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدہ پی ٹی آئی کی حکومت نے نہیں کیا، کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی بڑھا کر 290 ملین کیوبک فٹ کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کو فرنس آئل کی فراہمی بھی بڑھا دی، بن قاسم پاور پلانٹ کو فرنس آئل پر چلایا جا سکتا ہے، کے الیکٹرک کو مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا پڑے گی، کراچی کے تین چوتھائی حصے کو مسلسل بجلی فراہم کی جائے گی۔

اسد عمر نے مزید کہا 2021 کی گرمیوں سے پہلے 550 میگاواٹ اضافی بجلی کراچی کے پاس ہوگی، 2 سال بعد کراچی کو بجلی کی اضافی فراہمی 1350 میگاواٹ ہو جائے گی۔
 

Advertisement