لاہور: کورونا کے مریضوں میں بتدریج کمی، 7 ہسپتال مریضوں سے خالی

Last Updated On 25 July,2020 10:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کورونا کے مریضوں میں بتدریج کمی کے بعد 7 ہسپتال مریضوں سے خالی ہوگئے۔ صوبائی دارالحکومت کے 5 سرکاری اور 19 نجی ہسپتالوں میں کورونا کے صرف 153 مریض رہ گئے۔

لاہور کے 5 سرکاری ہسپتالوں میں 113 جبکہ نجی میں صرف 40 مریض زیر علاج ہیں۔ صوبائی دار الحکومت میں 23 مریض وینٹی لیٹرز جبکہ 44 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں 458 اور نجی میں 345 مریض جاں بحق ہوئے۔

میو ہسپتال میں 20، پی کے ایل آئی میں 4، سروسز ہسپتال میں 16، جناح ہسپتال میں 4، جنرل ہسپتال میں صرف 14 مریض زیر علاج ہیں۔ گنگا رام، کوٹ خواجہ سعید، سید مٹھا، چلڈرن ہسپتال اور سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں کوئی مریض زیر علاج نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار 887 ہوگئی۔ کورونا وائرس نے 24 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 787 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 487 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 91 ہزار 691، سندھ میں ایک لاکھ 16 ہزار 800، خیبر پختونخوا میں 33 ہزار 71، بلوچستان میں 11 ہزار 550، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 942، اسلام آباد میں 14 ہزار 821 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 18 لاکھ 44 ہزار 926 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 630 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 36 ہزار 596 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 294 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 787 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 113، سندھ میں 2 ہزار 110، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 170، اسلام آباد میں 162، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 47 اور آزاد کشمیر میں 49 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement