جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہیں: پاکستان

Published On 29 August,2020 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض اور ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے چار نوجوانوں کے بعد رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی مظالم اورعزائم کوبے نقاب کرتا رہے گا۔ عالمی برادری کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوزمظالم پربھارت سے جواب طلب کرے۔

زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مذھبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے علاقہ شوپیاں میں 4 مزید کشمیریوں کو طے شدہ مقابلے میں شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قابض بھارتی فوج کی پلوامہ اور شوپیاں میں فائرنگ، 7 کشمیری نوجوان شہید

ان کا کہنا تھا کہ محرم کے جلوسوں اور اجتماعات پر پابندیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی قابض افواج کی طرف سے خواتین اور بچوں سمیت 300 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جاچکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ قابض افواج خودساختہ گھیراو و سرچ آپریشن کے نام پر جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کرتی ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران وحشیانہ انداز میں پیلٹ گنوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

زاہدحفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ظلم و بربریت و تشدد کے ذریعہ کشمیریوں سے غیرانسانی سلوک ناکام ہوا ہے، قابض افواج ظلم و بربریت سے کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتیں، کشمیریوں کا طویل عرصہ سے جاری محاصرہ اور کمیونیکیشن بلاکیڈ بشمول مرد و خواتین جرنلسٹوں کے خلاف مہم بھارتی مظالم کی واضح مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے 

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس بی جے پی حکومت کشمیریوں پر ظلم و بربریت روا رکھے ہوئے ہے، بھارتی مظالم کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑ سکتے، کشمیریوں کوسلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا، پاکستان حق خود مختاری کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
 

Advertisement