ملک بھر میں تیز بارشیں، متعدد دیہات زیر آب، میت لے جانے کیلئے کشتی کا استعمال

Published On 31 August,2020 06:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) دریائے جہلم میں جھنگ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، ہیڈ تریموں پر 2 لاکھ کیوسک کا ریلا، 85 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے، میت لے جانے کیلئے کشتی کا استعمال کیا جانے لگا۔

تفصیل کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور ہالہ سمیت اندرون سندھ میں بادل خوب برسے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

حیدر آباد میں ایک بار پھر بارش ہوئی جس سے پہلے سے زیر آب علاقوں میں مسائل بڑھ گئے۔ نوابشاہ، ٹنڈوالہ یار، سانگھڑ، میرپور خاص اور نوکوٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ کشمور میں بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔

بہاولپور، خانیوال، میانوالی صادق آباد، جہانیاں اور چشتیاں سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے۔ مظفر گڑھ میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

ٹانک اور صوابی سمیت خیبر پختونخوا میں مختلف مقامات پر بھی بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ محکمہ موسمیات نے آج صوبے بھر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بھی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہیں۔ مری اور گلیات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ادھر ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے دریا بپھرنے لگے ہیں۔ جھنگ کے قریب دریائے چناب میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ سرگودھا روڈ زیر آب آنے سے ٹریفک روانی متاثر ہے۔

سیلاب کے باعث پچاس سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ کئی بستیاں ڈوبنے سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔ ڈیرہ بگٹی میں بھی بارش کے بعد ندی نالے بپھر گئے۔ جگہ جگہ بند ٹوٹنے سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ تحصیل سوئی میں ایک گھر کی دیوار گر گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری طرف ملک بھر میں جاری بارش سے آبی ذخائر میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 184000 کیوسک اور اخراج 183400 کیوسک ہے۔

دریائے کابل میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔ نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد 42800 کیوسک اور اخراج 42800 کیوسک ہے۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 33400 کیوسک اور اخراج 45700 کیوسک ہے جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 7 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 5 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1550.00 فٹ ہے جبکہ منگلا ڈیم میں 1241.15 فٹ پانی موجود ہے۔
 

Advertisement