دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، ہزار ایکڑ پر اراضی زیر آب آگئی

Published On 09 September,2020 12:45 pm

صادق آباد: (دنیا نیوز) صادق آباد اور سیہون کے قریب دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، سیلابی پانی کچے کے علاقے میں داخل ہوگیا جس سے ہزار ایکڑ پر اراضی زیر آب آگئی، نوکوٹ کے سیم نالے میں دوسرا شگاف پڑ گیا جس سے شہر کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

صادق آباد میں سیلابی پانی سون میانی کے مقام پر حفاظتی بند سے ٹکرا گیا۔ درجنوں بستیاں اور ہزاروں ایکڑ پر فصلیں زیر آب آگئیں، راستے بند ہونے سے لوگ تیر کر سیلابی پانی سے گزرنے لگے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی جانب سے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سیہون کے قریب بھی دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کچے کے 30 دیہات زیر آب آگئے، سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔

حیدرآباد میں کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، بیراج کی اپ اسٹریم پر پانی کا آمد 2 لاکھ 2 ہزار 71 کیوسک اور ڈاون اسٹریم میں 1 لاکھ 97 ہزار 701 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔

میر پور خاص کے علاقے نوکوٹ میں سیم نالے میں دوسرا بڑا شگاف پڑگیا، جس سے شہر کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ رینالہ خورد کے قریب ون ایل نہر میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔
 

Advertisement