نادار طبقوں کو غربت سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان

Published On 09 September,2020 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسانی ترقی خصوصا معاشرے کے نادار طبقوں کو سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں غربت سے نجات دلانا انکی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں پاکستان میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی نمائندہ مس Aliona Niculita کی قیادت میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی تروگرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے کہ ریاستی وسائل کو لوگوں کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کیلئے استعمال ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اوراقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے مقاصد کا تبادلہ کیا ہے تاہم حکومت تمام اہداف کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔

Aliona Niculita نے انسانی ترقی میں عمران خان کی خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کو اسکے اہداف کے حصول میں مدد دینے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقیاتی اہداف پر عمل پیرا ہے اور موثر حکمت عملی اور وسائل کی فراہمی قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کیلئے حکومت تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس شعبہ کیلئے ہرممکن مراعات بھی فراہم کرے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایس ایم ایز کو سہولیات اور مراعات فراہم کرنے کیلئے بہترین بین الاقوامی طریقہ کار اختیار کریں تاکہ وہ ملکی معیشت کے استحکام اور فروغ میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

عمران خان نے وزارت صنعت وپیداوار کو ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے قابل عمل حکمت عملی آئندہ دو ہفتوں میں تیار کرنے کی ہدایت کی۔
 

Advertisement