قومی اسمبلی میں موٹروے بارے بیان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے معذرت کر لی

Published On 15 September,2020 09:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں خطاب کے موقع پر اپنی بات مناسب طریقے سے نہ کہہ سکا۔

شہباز شریف کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ میری بات سے جو تاثر ابھرا، میرا وہ مطلب نہیں تھا۔ صحیح طور پر بات نہ کر سکنے سے بے حسی کا تاثر بنا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ موٹروے واقعہ پر انتہائی افسردہ ہوں۔ امید ہے کہ حکومت اب سیالکوٹ موٹروے پر شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے گی۔ موٹروے زیادتی کا واقعہ دل دہلا دینے والا تھا۔

خیال رہے کہ شہباز شریف نے اپنی تقریر میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ چونکہ یہ اندوہناک واقعہ سیالکوٹ موٹروے پر پیش آیا، تو میں سمجھتا ہوں کہ یہاں پر یہ کہنا غیر مناسب نہیں ہوگا کہ یہ موٹروے بھی میاں نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) نے بنائی۔


 

 

Advertisement