نوجوانوں کیلئے روزگاراور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیراعظم

Published On 08 October,2020 04:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وہ آج اسلام آباد میں چھوٹےا ور درمیانے درجے کے کاروبار سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ ان ترجیحی شعبوں میں اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برس کے دوران چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو نظرانداز کیا گیا جس کے ملک کی معیشت پر منفی اثرات پڑے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کےتمام محکموں اور صوبائی حکومتوں کو حکومت کی ترجیحات کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قرض کی فراہمی، آسان ٹیکس نظام اور کاروبار میں سہولت سمیت چھوٹے او ر درمیانے درجے کے کاروبار کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے وزارت صنعت کو ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی مجوزہ پالیسی پرعملدرآمد کے حوالے سے صوبوں کی مشاورت کے ساتھ نظام الاوقات کی بنیاد پرلائحہ عمل کو فوری حتمی شکل دی جائے۔
 

Advertisement