گستاخانہ خاکوں کا معاملہ: وزیراعظم کا مسلم ممالک کے سربراہان کو خط

Published On 28 October,2020 03:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر وزیراعظم نے مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔

وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مسلم ممالک کے سربراہان ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر متحد ہوں، ہمیں مغربی دنیا کو ناموس رسالت ﷺ کی مسلمانوں کیلئے اہمیت بتانا ہوگی، یورپ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے واقعات ہو رہے ہیں، بے حرمتی کے واقعات، قیادت کی سطح پر بیانات اسلامو فوبیا بڑھنے کا ثبوت ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ یورپ میں مساجد کو بند، حجاب پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، پادریوں و مذہبی پیشواؤں کو مذہبی لباس پہننے کی آزادی ہے، ہولوکاسٹ کی طرح مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے یورپ میں واقعات ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے 12 سے 18 ربیع الاول تک ملک بھر میں ہفتہ عشقِ رسول ﷺ منانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسولؐ منانے کی تجویز دی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے پیر نور الحق قادری کی تجویز سے اتفاق کیا اور ہدایت کی کہ ہفتہ عشق رسول ﷺ کا حتمی پلان تیار کیا جائے۔ صوبے بھی وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہفتہ عشق رسولؐ منائیں گے۔
 

Advertisement