کورونا کی دوسری لہر میں شدت، اسلام آباد کے 5 سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

Published On 08 November,2020 03:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز زیادہ رپورٹ ہونے پر شہر کے پانچ سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا کل صبح دس بجے سے اطلاق ہو گا۔

کورونا کی دوسری لہر میں شدت، شہراقتدار میں بھی صورتحال بگڑنے لگی، کیسز زیادہ رپورٹ ہونے پر حکومت نے شہر کے پانچ سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے،متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں ایکٹو ہو گئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران مزید پچیس افراد جان سے گئے۔ اب تک چھ ہزار نو سو اڑسٹھ افراد مہلک وائرس سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

ایک دن کے دوران ایک ہزار چار سو چھتیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ ، 43 ہزار ، 189 ہوگئی۔ اب تک 3 لاکھ 18 ہزار 417 افراد کورونا کو شکست دے کر صحت مند ہوچکے ہیں۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 17ہزار804 ہوگئی ہے۔
 

Advertisement