صوبہ پنجاب: ہسپتالوں کو حفاظتی ٹیکوں کے بغیر برتھ سرٹیفیکیٹ جاری نہ کرنے کی ہدایت

Published On 18 November,2020 06:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو حفاظتی ٹیکوں کے بغیر والدین کو برتھ سرٹیفیکیٹ جاری نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بات انہوں نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے انڈیپینڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ فار گلوبل پولیو اریڈیکیشن کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس، سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی، ای او سی کوارڈینیٹر پنجاب سندس ارشاد، انچارج ای پی آئی پروگرام محمد بشیر، وڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیر صحت خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو،وزیر صحت بلوچستان رحمت صالح بلوچ، چیف آئی ایم بی لائیم ڈونلڈسن، تمام صوبوں کے سیکرٹریز صحت،قومی وصوبائی ای اوسی کوارڈینیٹرز وای پی آئی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

ڈاکٹریاسمین راشد کا اس موقع پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ انتہائی اہم موضوع پر سب کو اکھٹا کرنے پر انتظامیہ کی کاوش کو سراہتی ہوں۔ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے پرعزم اور کوشاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کی بہت بڑی مہم کا آغاز کیا ہے۔ صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں بچوں کو پولیوسے بچاؤ کیلئے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو حفاظتی ٹیکوں کے بغیر والدین کو برتھ سرٹیفیکیٹ جاری نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ پولیو کے خاتمہ کیلئے بھی پرعزم ہیں۔

 

Advertisement