پی ٹی آئی امیدوار امجد علی زیدی گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر منتخب

Published On 26 November,2020 05:29 pm

گلگت: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رکن امجد زیدی اٹھارہ ووٹ لے کر گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر منتخب، اپوزیشن کے غلام محمد آٹھ ارکان کی حمایت حاصل کر سکے، پی ٹی آئی کے چار، حزب اختلاف کا ایک ووٹ مسترد ہو گیا۔

تفصیل کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے پولنگ ہوئی جس میں تحریک انصاف کے امجد علی زیدی اور اپوزیشن کے غلام محمد میں مقابلہ ہوا۔ امجد علی زیدی 18 ووٹ لے کر سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہو گئے۔

پولنگ کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار امجد علی زیدی کے 4 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار غلام محمد کا ایک ووٹ مسترد ہوا۔ امجد علی زیدی کے 18 ووٹ کے مقابلے میں اپوزیشن کے امیدوار کو کو 8 ووٹ ملے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

خیال رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ تحریک انصاف 16 جنرل اور 6 مخصوص نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے 33 میں سے 32 اراکین نے حلف اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے صدر امجد حسین دو نشستوں سے کامیاب ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف 16 جنرل اور چھ مخصوص نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ پیپلز پارٹی نے مخصوص نشستوں سمیت 5 نشستیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خواتین کی ایک مخصوص نشست سمیت 3 سیٹیں حاصل کی ہیں۔

گلگت بلتستان کے انتخابات کا انعقاد رواں ماہ 15 نومبر کو کیا گیا تھا جبکہ ایک نشست پر الیکشن 22 نومبر کو کرائے گئے تھے۔ ان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے بھاری تعداد میں کامیابیاں سمیٹیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات لگا کر ان کے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ ان جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان اور وفاق کے درمیان گٹھ جوڑ کے الزامات لگائے گئے۔ ان کا جواب دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس ایسے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں۔
 

Advertisement