گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ تحریک انصاف 16 جنرل اور 6 مخصوص نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے 33 میں سے 32 اراکین نے حلف اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے صدر امجد حسین دو نشستوں سے کامیاب ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف 16 جنرل اور چھ مخصوص نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
پیپلز پارٹی نے مخصوص نشستوں سمیت 5 نشستیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خواتین کی ایک مخصوص نشست سمیت 3 سیٹیں حاصل کی ہیں۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کا انعقاد رواں ماہ 15 نومبر کو کیا گیا تھا جبکہ ایک نشست پر الیکشن 22 نومبر کو کرائے گئے تھے۔ ان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے بھاری تعداد میں کامیابیاں سمیٹیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات لگا کر ان کے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ ان جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان اور وفاق کے درمیان گٹھ جوڑ کے الزامات لگائے گئے۔ ان کا جواب دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس ایسے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں۔