سکردو: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے 2 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے، حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کو مزید ایک آزاد ممبر کی ضرورت ہوگی۔
جی بی اے 9 سکردو 3 سے کامیاب آزاد امیدوار وزیر محمد سلیم اور جی جی اے 10 سکردو 4 سے منتخب آزاد امیدوار راجہ ناصر علی خان دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے، دونوں منتخب امیدواروں نے پی ٹی آئی کے کارکن کی حیثیت سے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں دی تھی مگر تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے دونوں کو نظرانداز کرکے ن لیگ چھوڑ کر شامل ہونے والے سپیکر حاجی فدا ناشاد کو جی جی اے 9 اور پیپلزپارٹی سے آنے والے وزیر حسن کو جی بی اے 10 کے لیے الیکٹیبلز قرار دے کر ٹکٹ دیا تھا۔
وزیر سلیم اور راجہ ناصر علی خان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور 15 نومبر کو پی ٹی آئی کے ہی امیدواروں کو شکست دے دیں، دونوں آزاد امیدواروں کے شمولیت کے بعد پی ٹی آئی کو حکومت سازی کے لیے مزید ایک ممبر درکار ہے۔ اس وقت 23 نشستوں کی اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے مطلوبہ 12 ممبران میں سے پی ٹی آئی کے پاس اتحادی پارٹی ایم ڈبلیو ایم کے ایک ممبر سمیت 11 ممبران ہیں اور گلگت حلقہ 2 کی گنتی کے بعد پی ٹی آئی کے فتح اللہ کی کامیابی کی صورت میں مزید کسی آزاد امیدوار کے بغیر حکومت بن سکتی ہے۔