لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پالیسیوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ عوام شفاف اور خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں اور واضح ہو گیا کہ تحریک انصاف مقبول ترین جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی کی بدولت گلگت بلتستان کے عوام نے الیکشن میں سرخرو کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ گلگت بلتستان کے الیکشن میں فتح شفاف پاکستان کی جیت ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور سابق ادوار میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کی منفی سیاست دفن ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوروں اور لیٹروں کی منفی سیاست کا دھڑن تختہ ہوچکا ہے- انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی بے مقصد احتجاج کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے اپوزیشن کے گٹھ جوڑ کو مسترد کر دیا ہے۔