کراچی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن گلگت بلتستان بھول کر آزاد کشمیر الیکشن کی فکر کرے، شکست تسلیم نہ کرنے والوں سے ووٹ کی عزت کو خطرہ ہے، اداروں کے خلاف بیانیہ عمران خان کی خدمت ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی میں سرکلر ریلوے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گلگت میں زبردست انتخابات ہوئے، اپوزیشن آزاد کشمیر کے انتخابات کی فکر کرے، اپوزیشن گلگت بلتستان کے الیکشن نہیں مان سکتی تو کوئی الیکشن نہیں مان سکتی، پوری دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں ہارنے والا مان ہی نہیں رہا، ووٹ کی عزت کو شدید قسم کا خطرہ ہے، انہی لوگوں سے خطرہ ہے جو شکست تسلیم نہیں کر رہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا وزیراعظم سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز سے انتخابات کرانا چاہتے ہیں، جو جو فوج کیخلاف بیانیہ دے رہا ہے وہ عمران خان کی خدمت کر رہا ہے۔
اس سے قبل شیخ رشید نے ابتدائی طور پر سٹی سٹیشن اور پپری کے درمیان کے سی آر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یک طرفہ کرایہ 50 کے بجائے 30 روپے کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سی آر میں انسٹال ہونیوالی تمام چیزیں کراچی پہنچا دی گئیں، کے سی آر کی 40 کوچز بنا رہے ہیں جس میں سے 15 آج چلائی جا رہی ہیں، 750 روپے میں کے سی آر کا مہینے بھر کا پاس بنوا سکتے ہیں، ایک سال میں کے سی آر کو مکمل طور پر ماڈرن کر دیں گے، پاکستانی تاریخ میں کے سی آر کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے حکم پر صدق دل سے عملدرآمد کر رہے ہیں، عدالت نے سب کو چابی دی تو کام چلا۔ انہوں نے کہا کراچی میں بڑا قبضہ مافیا ہے، ریلوے کی زمین پر لوگوں نے قبضے کیے ہوئے ہیں، سندھ حکومت کوشش کرے گی تجاوزات ختم کرائے، ٹرین چلتی رہے تو زندہ رہتی ہے، رک جائے تو لوگ چیزیں چوری کرلیتے ہیں، لوگوں نے ٹرینوں میں صابن اور تولیے نہیں چھوڑے وہ بھی چوری کرلیے۔