کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ تحفظات دور کئے بغیر گلگت بلتستان کے الیکشن نتائج کا اعلان قابل مذمت ہے۔
تفصیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے انتخابی نتائج کے اعلان کی پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے تحفظات دور کئے بغیر نتائج کا اعلان قابل مذمت عمل ہے۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس طرح کے یکطرفہ فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ ایک طرف پارٹی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے، ہمارے خدشات بھی قائم ہیں تو سرکاری طور پر نتائج کا اعلان کیسے ہو گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پیپلز پارٹی کے دھاندھلی سے متعلق خدشات درست ثابت ہو گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے نتائج کا اعلان وفاق کے دباؤ کا نتیجہ ہے۔ الیکشن کمیشن اور وفاق کی ملی بھگت بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد کی نشست پر انتخاب پر دھاندلی سب کے سامنے آ چکی ہے۔ متعلقہ آر او نے واضح طور پر کہا کہ بیلٹ پیپرز کا فرانزک کرایا جائے کیوں کہ تمام امیدواروں نے اس پر اتفاق کیا ہے۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے فرانزک کی درخواست کو مسترد کرکے پورے انتخابی عمل پر سوالیہ نشان پیدا کر دیا ہے۔ کچھ بھی ہو جائے اپنی جیتی ہوئی نشست پر کسی صورت ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔