صوبہ پنجاب میں تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کیلئے مزید سینٹرز کے قیام کی منظوری

Published On 27 November,2020 05:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کی داد رسی اور دیکھ بھال کیلئے مزید سینٹرز کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور میں بننے والے سینٹرز کو جلد فعال کر دیا جائے گا جبکہ دیگر شہروں میں بھی سینٹرز بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ نئے سینٹرز کیلئے موجودہ عمارتوں کو استعمال میں لانے کا جائزہ لیا جائے اور نئی بھرتیوں کی بجائے سرپلس ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں اور اس ضمن میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ضروریات کو مد نظر رکھ کر فی الفور اقدامات اٹھائے اور ڈویژن کی سطح پر اتھارٹی کی کمیٹیوں کیلئے نامزدگیاں جلد مکمل کی جائیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا ادارہ تشدد کا شکار خواتین کی دادرسی اورانہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ دین اسلام میں خواتین کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کی نگہبان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدار ت آج وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پرو ٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پرو ٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
 

Advertisement