'اسحاق ڈار کئی جائیدادوں، گاڑیوں کے مالک، انٹرویو سے لیگی رہنما ایکسپوز ہوگئے'

Published On 02 December,2020 12:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کئی جائیدادوں، گاڑیوں کے مالک، بینکوں میں کروڑوں روپے موجود ہیں، بی بی سی کو انٹرویو سے لیگی رہنما ایکسپوز ہوگئے۔

مشیر داخلہ احتساب شہزاد اکبر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل مفرور کا انٹرویو چلا جسے عوام دیکھ کر محظوظ ہوئے، اسحاق ڈار اینکر کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے عدالتوں کا کیسے دیں گے، انہوں نے انٹرویو میں مضحکہ خیر باتیں کیں، اسحاق ڈار نے کہا نیب حراست میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے، انہوں نے کہا میری ایک ہی پراپرٹی ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا اسحاق ڈار نے کہا میری ایک جائیداد ہے جس پر حکومت نے قبضہ کرلیا، اسلام آباد میں اسحاق ڈار کی 6 ایکڑ زمین ہے، ان کا ڈی ایچ اے فیز فور میں ایک گھر ہے، اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس میں کئی ملین رقم ہے، ان سے متعلق معلومات جے آئی ٹی میں سامنے آئی تھیں، اسحاق ڈار نے کیلبری کوئین کی طرح کہا میری کوئی پراپرٹی نہیں۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ باہر بیٹھ کر یہ لوگ قومی اداروں کیخلاف بولتے ہیں، یہ ملک کا پیسہ لوٹ کر کہتے ہیں ہمارا مؤقف نہیں سنا جاتا، کل اسحاق ڈار برطانوی صحافی کے سوالات کے جواب نہ دے سکے، اسحاق ڈار سے پوچھا گیا آپ بیمار تو لگتے نہیں، جواب میں کہا گیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں، اسحاق ڈار کی انٹرویو کے دوران ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا برطانوی نشریاتی ادارہ بہت دیر سے نواز شریف سے رابطے کی کوشش کر رہا تھا، مریم صفدر کے مشورے پر اسحاق ڈار کو انٹرویو کیلئے بھیجا گیا، انٹرویو کے دوران کبھی زبان باہر آئی، کبھی آنکھیں ٹیڑھی ہوئیں۔
 

Advertisement