اب لانگ مارچ ہوگا، ہم اسلام آباد آرہے ہیں، فون کال کرنا بند کرو:بلاول بھٹو کا اعلان

Published On 13 December,2020 08:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد پہنچ کر سلیکٹڈ، نااہل اور نالائق وزیراعظم کا استعفیٰ لیں گے۔ ہمارے درمیان کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ ہم کٹھ پتلی حکومت کو بھگائیں گے۔

مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ سلیکٹرز کان کھول کر سن لو، آپ کو عوام کی آواز کو ماننا پڑے گا، اب کوئی اور راستہ نہیں ہے، ڈائیلاگ، شائیلاگ کا وقت گزر چکا ہے، اب اسلام آباد لانگ مارچ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہمیشہ سلیکٹرز من پسند حکومتیں بناتے رہے۔ ہم اب مل کر کہتے ہیں کہ اب یہ سلسلے کو ختم ہونا پڑے گا۔ جمہوریت کی بنیادوں میں ہمارا خون شامل ہے۔ جمہوریت کا اپنے خون سے دفاع کریں گے۔ یہ جعلی حکومت ایمپائر کی انگلی کی بدولت اقتدار میں آئی۔ ہم عوام کو حق دلانے کیلئے کٹھ پتلی کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج مجھے پنجاب کے دل لاہور میں خطاب کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جماعت کی بنیاد اسی شہر سے رکھی تھی۔ آمرانہ دور میں لاہور کے نوجوانوں نے صعوبتیں برداشت کیں، شہادتیں دیں اور کوڑے کھائے۔ بی بی شہید نے آمریت کیخلاف اپنی تحریک بھی لاہور سے شروع کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں۔ عوام کسی تحریک کا ساتھ دیں تو ظلم کی زنجیر ٹوٹ جاتی ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ عوام کی فتح کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ ان حکمرانوں کے پاس گالم گلوچ اور جھوٹ کے سوائے ان کے دامن میں کچھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی اور غربت ہے۔ آٹا اور چینی چور حکومت میں عوام کا چولہا بند ہے۔ جعلی حکمران عوام کا درد محسوس نہیں کرتے۔ یہ لوگ ایمپائر کی انگلی کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ جعلی حکومت کو پنجاب کے عوام کی بالکل فکر نہیں ہے۔

انہوں نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ پی پی پی پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کی جماعت تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ہم عوام کو حق دلانے کیلئے کٹھ پتلی کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو حق حکمرانی واپس دلانا چاہتے ہیں۔ یہ جنگ اقتدار کیلئے نہیں بلکہ غریب عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلانے کی جنگ ہے۔ یہ جنگ نوجوان اور مزدوروں سمیت سب کی جنگ ہے۔ ہم اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر پی ڈی ایم سٹیج پر اکٹھے ہیں۔ ہم کٹھ پتلی اور ان کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبعلم اپنا حق مانگیں تو ان کے خلاف پولیس گردی کی جاتی ہے، کسان اپنا حق مانگیں تو سرعام شہید کیا جاتا ہے۔ ظلم اور جبر کی رات ختم ہونے والی ہے۔ پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی جماعت تھی اور رہے گی۔
 

Advertisement