بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے: شبلی فراز

Published On 16 December,2020 11:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے، ای یوڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے حقائق سے پردہ اٹھایا ہے، بھارت میں انتہا پسند حکومت کے عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی صورتحال سے متعلق پاکستان حقائق کی روشنی میں نکتہ نظر پیش کرتا ہے، بدقسمتی سے بھارت کی جانب سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے، پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے بھارت جھوٹ، بہتان اور الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے، بھارت میں انتہا پسند حکومت کے عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں، بھارتی ہتھکنڈوں پر عالمی برادری کی خاموشی اور دوہرا معیار سوالیہ نشان ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بھارت خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، اس کے عزائم کو بے نقاب کرنا ہوگا، مودی اور ہندوتوا کا فلسفہ دنیا پر آشکار ہوچکا، پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے بھارت الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے۔
 

Advertisement