اللہ ٰکا شکر ہے ملک مشکل وقت سے نکل آیا ہے: وزیراعظم عمران خان

Published On 18 December,2020 08:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مشکل ترین وقت میں معاشی کارکردگی کی پذیرائی ہو رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ملک مشکل وقت سے نکل آیا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، اسد عمر، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر، معاونِ خصوصی وقار مسعود، صوبائی وزیرِ خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیرِ خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملکی معیشت کے بہتر ہوتے ہوئے اشاریوں کے بارے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے بڑے پیمانے کی صنعت کی ترقی، تعمیراتی صنعت کی ریکارڈ کارکردگی اور ٹیکسٹائل سیکٹر سے بڑھتی ہوئی برآمدات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں اضافے اور ان کا 2 ارب ڈالر ماہانہ کی سطح پر برقرار رہنا خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوانوں اور تعمیراتی شعبے کو بنکوں کی طرف سے قرضوں کی فراہمی سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔

عمران خان نے معاشی اشاریوں کی بہتری کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے فوری اور دیرپا اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سٹاک مارکیٹ میں تیزی اور سرمایہ داروں کے اعتماد میں اضافے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی مشکل ترین وقت میں معاشی کارکردگی کی پذیرائی ہو رہی ہے جس کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ ملک مشکل وقت سے نکل آیا ہے اور اب مزید ترقی کی راہیں کھولنے کیلئے جامع منصوبہ بندی پر کام ہو رہا ہے۔
 

Advertisement