وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی فیملی کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے

Published On 24 December,2020 01:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی فیملی کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے، عثمان بزدار کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد فیملی کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فیملی کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس موصول ہوگئیں، تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آگئے، میری طبعیت میں مزید بہتری آئی ہے، فی الحال قرنطینہ میں ہوں، ڈاکٹرز کی ہدایات پر آرام کر رہا ہوں، گھر سے سرکاری امور سرانجام دے رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت یابی کے لئے دعاؤں پر عوام کا شکر گزار ہوں۔ عوام کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صورتحال تشویش ناک، احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 111 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 668 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 256 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 33 ہزار 874، سندھ میں 2 لاکھ 7 ہزار 407، خیبر پختونخوا میں 56 ہزار 160، بلوچستان میں 18 ہزار 5، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 838، اسلام آباد میں 36 ہزار 721 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 65 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 64 لاکھ 28 ہزار 240 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 173 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 17 ہزار 134 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 361 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 111 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 668 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 783، سندھ میں 3 ہزار 419، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 577، اسلام آباد میں 398، بلوچستان میں 181، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 211 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement