وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا

Published On 11 January,2021 06:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیاسی صورتحال، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں پر غور کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں آڈیٹر جنرل آفس سے متعلق نئے بل کا مسودہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔ ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو پولیس سٹیشن ڈکلیئر کرنے اورنیشنل کونسل فار طب کے انتخابات اور ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے ڈی جی کا اضافی چارج دیا جائے گا۔ نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی اجازت ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے اصلاحات اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

کابینہ یوٹیلٹی سٹور خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کو اضافی گندم فراہم کرنے کی منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ ملک میں احتساب عدالتوں کے قیام کیلئے 40 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔
 

Advertisement