افغانستان میں قیام امن سے خطے میں خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا، اسد قیصر

Published On 11 January,2021 10:29 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن سے افغانستان اور خطے میں امن و خوشحالی کے دور کا آغاز ہو گا، پاکستان افغان قیادت میں طے پانے ہونے والے امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار افغان حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران پاک افغان تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ پاکستانی اور افغان عوام مذہب، اخوت، تاریخ اور ثقافت کے لازوال تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔ پاکستان افغانستان میں جامع، وسیع البنیاد اور سیاسی امن کوششوں کی حمایت میں پرعزم ہے۔ امن عمل میں شامل فریقین کو افغانستان میں قیام امن کے لئے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن عمل میں مثبت پیشرفت افغان قیادت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ امن کی آمد کے ساتھ ہی ملک ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔ پارلیمنٹ اور پاک افغان فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان نے دو طرفہ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل ٹیرف اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران اپنے افغان بھائیوں کے لئے سرحدیں کھلی رکھی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام، طلباء خصوصا مریضوں کے لئے ویزا سہولیات سے افغان عوام کی سفری مشکلات میں آسانی ہو گی۔ افغانستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث وسطی ایشیاء کے لئے ایک گیٹ وے ہے جس سے افغانستان اور وسطی ایشیا تک سی پیک کے فوائد کو پہنچایا جا سکتا ہے۔

 

Advertisement