سی پیک پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

Published On 02 February,2021 08:24 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ملک کے روشن مستقل کی ضمانت ہے۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدرارت کے موقع پر کہی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سی پیک سے متعلق منصوبوں کے روابط کو مربوط بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک میں سینٹرل ایشئن ممالک سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ سی پیک منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت سے ترقی وخوشحالی آئے گی۔ اب سی پیک فیز ٹو میں داخل ہو چکے ہیں۔

قبل ازیں اجلاس کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات نے پروجیکٹس پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، ریلوے، انڈسٹریل کوآپریشن اور سوشیو اکنامک سیکٹرز کے 23 منصوبے بنائے گئے ہیں۔ حب میں سی پیک کے تحت 1320 میگاواٹ کا کول فائر پاور پلانٹ منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان منصوبہ مکمل ہو گیا ہے۔ نئے گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادر پورٹ اور فری زون کی ڈویلپمنٹ پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال کے فزیکل کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ 13 پروجیکٹس پائپ لائن میں ہیں۔

اجلاس میں سی پیک منصوبوں سے متعلق مسائل کو جلد کرنے کا عزم کرتے ہوئے منصوبوں کے فالو اپ اور پیشرفت کو فاسٹ ٹریک کرنے کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
 

Advertisement