سندھ سے فیصل واوڈا، پیپلزپارٹی کے 13،ایم کیوایم کے 6 امیدواروں کے کاغذات منظور

Published On 18 February,2021 02:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سینیٹ انتخابات کیلئے جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، سندھ سے پیپلزپارٹی کے تمام 13 امیدواران اور ایم کیوایم کے 6 امیدواروں کے کاغذات منظور ہو گئے، پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا پر تمام اعتراضات مسترد کر دیئے گئے۔

کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر پر امیدواروں کی اسکروٹنی کا عمل آخری روز جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹ کے 13 امیدواروں کے 14 کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔ ٹیکنو کریٹ پر فاروق ایچ نائیک کے کاغذات آج منظور کیے گئے جبکہ باقی گزشتہ روز ہی منظور کر لئے گئے تھے۔ پی پی امیدواروں میں صادق علی میمن، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، دوست علی جیسر، جام مہتاب حسین، تاج حیدر، شہادت اعوان، پلوشہ زئی خان، رخسانہ پروین، خیرالنسا، فرزانہ بلوچ، فاروق ایچ نائیک، کریم خواجہ شامل ہیں۔

ایم کیوایم کے اب تک 9 میں سے 6 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ ایم کیوایم کے شہاب امام اور سبین غوری کے کاغذات آج منظور ہوئے۔ پی ٹی آئی کے 10 میں سے صرف فیصل واوڈا کے کاغذات منظور ہوئے جبکہ دیگر اس وقت دفتر میں موجود ہیں جہاں جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔

فیصل واوڈا پر الیکشن کمیشن نے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے جس پر پی پی رہنما قادرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارے اعتراضات سنے ہی نہیں گئے۔ آج صبح بھی ن لیگ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا۔ ن لیگ کے چوہدری محمود حسین ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی کہا فیصل واوڈا صادق اور امین نہیں، انہوں نے اپنی دہری شہریت 2018 میں چھپائی تھی۔
 

Advertisement