پارٹی میں اختلافات کی خبریں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سختی سے تردید کردی

Published On 23 February,2021 08:49 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بعض اراکین صوبائی اسمبلی کے پارٹی سے اختلاف سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی افواہیں بے بنیاد ہیں، جن کا حقیقت سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں، پی ٹی آئی کے تمام اراکین پارٹی کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی عمران خان کے سپاہی ہیں، یہ بکنے والے نہیں، پاکستان تحریک انصاف مخلص اور نظریاتی کارکنوں کی پارٹی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں تمام اراکین ایک ہی پیج پر تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام ایم پی ایز نے سینیٹ ٹکٹوں کے حوالے سے پارٹی قیادت کے فیصلوں کی تائید اور حمایت کی ہے۔ ہمارے ممبران کی پارٹی کے ساتھ نظریاتی وابستگی ہے۔ ہماری صفوں میں مکمل اتحاد ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، وہ اپنی خیر منائیں۔ سینیٹ انتخابات میں ان کو اپ سیٹ ہونے والا ہے۔ اپوزیشن والے پیسوں کے بل بوتے پر سینیٹ انتخابات جیتنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں مایوسی ہوگی۔ ہم انتخابات میں شفافیت کے علمبردار ہیں، اس لئے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ انتخابات کروانا چاہتے ہیں۔

 

Advertisement