مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

Published On 12 August,2022 08:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکی عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے پاکستان بھر میں سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، اس دوران موسلادھار بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور میں یو ایس ایڈ کے منصوبے پر بات چیت کی گئی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق امریکا نے سندھ کیلئے 1 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے امداد پر امریکی حکومت کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں سے سندھ میں 3 ڈویژنوں کے 8 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے، مجموعی طور پر 723 دیہات متاثر ہوئے ہیں، 2135.4 کلومیٹر رقبہ پر پھیلی 548 مختلف سڑکیں، 45 برجز، 32 دکانیں تباہ ہوئی، 22 ہزار سے زائد جزوی مکانات اور 4520 مکمل تباہ ہوئے، 974 مویشی ہلاک اور 674 رقبے پر پھیلی فصلیں تباہ ہوئیں، شدید بارشوں کے نتیجے میں 130 افراد چل بسے، جن میں 54 مرد، 11 خواتین اور 65 بچے شامل ہیں جبکہ 422 متعدد زخمی ہوئے۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا نے موجودہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 1 ملین ڈالر (بائیس کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے، یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ یو ایس ایڈ کی جانب سے مالی امداد فراہم کی گئی، کنسرن انٹرنیشنل کے ذریعے انسانی امداد سندھ میں کمیونٹیز کی جلد بحالی کو پورا کرے گی۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا کے عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے پاکستان بھر میں سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھو دیا اور وہ بحالی کیلئے کوشاں ہیں، امید ہے سندھ کیلئے یہ نئی فنڈنگ جلد بحالی اور کمیونٹیز کیلئے معاونت ثابت ہوگی، امریکی حکومت پاکستان کی مدد کیلئے پرعزم ہے۔
 

Advertisement