محمد آصف مسلسل تیسری مرتبہ قومی سنوکر کے چیمپئن بن گئے

Last Updated On 12 February,2020 07:49 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) ورلڈ چیمپئن محمد آصف مسلسل تیسری مرتبہ قومی سنوکر کے چیمپئن بن گئے۔

کراچی میں ہونے والی 45 ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف نے شاہد آفتاب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7-8 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

قومی سنوکر چیمپئن شپ کا فائنل 15 فریمز پر مشتمل تھا جب کہ فائنل مقابلہ 6 گھنٹے تک جاری رہا۔

شاہدآفتاب نے ابتدا سے ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آصف کو دباؤمیں رکھا، انہوں نے 5 مسلسل فریمز جیت کر آصف پر 2-6 کی برتری حاصل کرلی۔

آصف نے 2 فریمز جیت کر خسارہ کم کیا لیکن 11 واں فریم شاہد نے اپنے نام کرکے سکور 4-7 کردیا ۔

عالمی چیمپئن محمدآصف نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل 4 فریمز جیت کرنیشنل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

خیال رہے کہ محمد آصف نے گزشتہ سال نومبر میں ترکی میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اس سے قبل 2012 میں بھی انہوں نے ورلڈ چیمپئن شپ جیتی تھی۔
 

Advertisement