کورونا وائرس: مشکل کی گھڑی میں باکسر عامر خان غریبوں کی مدد کیلئے میدان میں آگئے

Last Updated On 08 April,2020 06:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، لاک ڈاؤن کے باعث پاکستانی غریب طبقہ مشکلات کا شکار ہے، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم کو امداد دینے کے لیے میدان میں آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی تباہی کی لپٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ یہ وبا دنیا کے 200 سے زائد ممالک تک پہنچ چکی ہے اور تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تعداد میں گزشتہ ہفتے سے تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے، اس دوران ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ملک بھر میں صاحب حیثیت افراد غریبوں کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں تو وہیں پر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی پاکستانیوں کی مدد کر کے سب کے دل جیت لیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ایک ویڈیو شیئر کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد میں عامر خان اکیڈمی میں غریب و نادار افراد میں امداد راشن تقسیم کیا جا رہا ہے، اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عامر خان نے لکھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں ہزاروں افراد کے پاس کھانے کو راشن نہیں ہے عامر خان اکیڈمی سے ہزاروں لوگوں نے راشن حاصل کیا۔

اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا یہ اقدام قابل تحسین ہے، حکومت پاکستان عامر خان کی اس اقدام پر شکر گزار ہے، ان کے اس اقدام سے باقی لوگوں کو بھی ترغیب ملے گی۔ اگلے ہفتہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ویب سائٹ لانچ کریں گے۔
 

Advertisement