پودوں کی بیماریاں جانچنے کیلئے سمارٹ فون آلہ تیار

Last Updated On 02 August,2019 07:11 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) سانئس دانوں نے سمارٹ فون کے ذریعے انسانی امراض کی شناخت کی متعدد ایپس اور آلات تیار تو کئے ہیں تاہم اب ایک ایسا آلہ بنایا گیا ہے جو پودوں کے امراض سے متعلق جاننے اور علاج سے متعلق معلومات مہیا کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین نے پودے کے پتوں پر موجود ننھے ننھے سوراخوں سے نکلنے والے کیمکلز کا استعمال کیا ہے، یہ سوراخ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور آکسیجن خارج کرنے میں پودوں کے مددگار ہیں وہیں نامیاتی مرکبات یا کیمیکلز بھی خارج کرتے رہتے ہیں جن میں پودے کی صحت اور بیماری کی معلومات چھپی ہوتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پتوں سے نکلنے والی گیسیں ان کے صحت مند یا بیمار ہونے کا پتا بتاتی ہیں۔ گیسوں کا اتار چڑھاو معلوم کرکے کسان حضرات پودے کی بیماری کا پتہ چلا سکتے ہیں۔ اس کام کیلئے پودے کے پتے کو ٹیسٹ ٹیوب میں چند منٹوں کے لیے رکھ کر سیل بند کر دیا جاتا ہے اور پتے سے خارج گیس کو پمپ کے ذریعے ایک چھوٹی شیشی تک بھیجا جاتا ہے جہاں سینسر اور ریڈر لگا ہوتا ہے ۔ یہ سینسر اس پتے کی گیس میں موجود وی او سی کی شناخت کرتا ہے اور اس کے پیچھے ایک وسیع ڈیٹا بیس موجود ہوتا ہے جس کی مدد سے مرض کی شناخت کر لی جاتی ہے۔

مزید تحقیق پر سمارٹ فون کا کیمرہ پودے کی رنگت اور پتوں کے داغ کا جائزہ لے کر بھی مرض کی پیشگوئی کرسکے گا۔ یہ طریقہ ان علاقوں میں انتہائی فائدہ مند رہے گا جو شہروں سے بہت دور ہیں اور جہاں زرعی ماہرین کی رسائی آسانی سے ممکن نہیں۔ سمارٹ فون پودوں سے متعلق ڈیٹا انٹرنیٹ کے ذریعے لیبارٹریز میں بھی بھجوا سکے گا جس سے پودوں کی بیماریوں سے متعلق درست معلومات حاصل ہو سکیں گی۔