کان کی لو پر ہلکی بجلی پہنچا کر بڑھاپے کے امراض کا علاج ممکن

Last Updated On 02 August,2019 07:11 am

لندن: (روزنامہ دنیا) بڑھاپا کئی بیماریوں کا پیش خیمہ ہوتا ہے اور اس عمر میں کان کی لو پر ہلکی بجلی پہنچا کر عمر رسیدگی سے وابستہ کئی امراض کا علاج کیا جاسکتا ہے یا کئی بیماریوں کو روکا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ کان پر ایک خاص رگ ہوتی ہے جسے ویگس نرو کہا جاتا ہے، یہ رگ جسم کی طویل ترین رگ بھی ہے جو دل، آنتوں اور جسم کے مختلف حصوں تک جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کی کارکردگی اعصابی نظام پر بھی اثر انداز ہوتی ہے جسے پیرا سمپیتھے ٹک نروس سسٹم بھی کہا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پیراسمپیتھےٹک اور سمپیتھے ٹک نروس سسٹم دونوں مل کر خودکار اعصابی نظام کی تشکیل کرتے ہیں جو سانس لینے اور دل کی دھڑکن جیسے عمل کو خود بخود ممکن بناتے ہیں۔ اگرچہ یہ رگ گردن کی بائیں جانب ہوتی ہے اور اس کیلئے ایک آپریشن کی ضرورت پیش آتی ہے جس کے بعد بجلی کی جھٹکے دینے والا ایک نظام نصب کیا جاتا ہے تاہم یونیورسٹی آف لیڈز اور گلاسگو یونیورسٹی کے ماہرین نے کہا ہے کہ اس رگ کا ایک اہم گوشہ کان کے پاس موجود ہوتا ہے اور بیرونی جانب محسوس ہوتا ہے۔ اس پر ہلکی بجلی دے کر نروس سسٹم کو بہتر کر کے صحت کو بہتر رکھا جا سکتا ہے اور بڑھاپے کے امراض کو ٹالا جاسکتا ہے۔