پاکستان میں ای سپورٹس کے لئے انقلابی اقدام، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے

Published On 14 January,2021 07:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ای سپورٹس کے لئے انقلابی اقدام، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔

وفاقی وزیر سائنس فواد چودھری نے کہا ہے کہ ای سپورٹس سے نوجوانوں کو پیسہ بنانے کا نیا موقع دیں گے۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کہتی ہیں کہ ملک میں ہر کھیل کو ای سپورٹس میں لائیں گے۔ تمام صوبوں میں مختلف گیمز کی ٹیمیں بنائیں گے۔

تفصیل کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے درمیان ای سپورٹس کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ای سپورٹس ملک میں انقلاب برپا کرے گی۔ پی ایس ایل کی طرح پورے ملک کو ای سپورٹس کے لئے چھ ریجنز میں تقسیم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا میں ای سپورٹس انڈسٹری میں تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ای سپورٹس میں دنیا میں ٹاپ انعامات پاکستانی بچوں نے حاصل کئے۔ ہمیں بچوں کو پاکستان میں ای سپورٹس میں مواقع دینے چاہیں۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اس بار دنیا کے دو بڑے برینڈز پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں آ رہے ہیں۔ اپریل تک ملک میں کنولا کی دو بڑی فیکٹریز لگ جائیں گی، یہ سال سائنس اور ٹیکنالوجی کا سال ہے۔
 

Advertisement