وفاقی حکومت کی چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے تعاون کی پیشکش

Published On 15 January,2021 06:34 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخواکے پسماندہ اور بجلی کی نعمت سے محروم علاقوں میں منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشنر (چھوٹے پن بجلی گھروں) کی تعمیر کے لئے معیاری مشینری کی دستیابی کے سلسلے میں تعاون کی پیش کش کی ہے۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے خیبر پختونخوا کے پسماندہ اور بجلی کی نعمت سے محروم علاقوں میں پہلے مرحلے کے دوران 356 منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز کی تعمیر کے پروگرام کی کامیابی پر حکومتی کاوشوں کو بے حد سراہا اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے دوسرے مرحلے میں مزید منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز کی تعمیر کے لئے لوہیڈ کے دوران بجلی پیدا کرنے والی معیاری(مشینری) ٹربائن کی تنصیب پر زور دیا۔

اس موقع پر صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے معیاری مشینری کی تنصیب کے سلسلے میں 13 موزوں سائیٹس وفاقی وزیر کوپیش کیں اور کہا کہ بلجیم ٹیکنالوجی کی حامل مشینری کو ان سائیٹس پر نصب کرکے معیار کو پرکھا جائے۔

اس پر وفاقی وزیر نے صوبائی حکومت کے تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے مشینری کے معیار کی کامیابی کے بعد اسے لوکل ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے عزم کو دہرایا اور منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز کو پنجاب سمیت ملک کے دیگر منصوبوں میں تعمیر کرنے پر زور دیا۔
 

Advertisement