السی کے تیل والی سمارٹ فون سکرین، ٹوٹ کر پھرجڑ جائے

Published On 21 December,2020 03:48 pm

سیئول:(روزنامہ دنیا) کوریا کے سائنسدانوں نے السی کا تیل استعمال کرتے ہوئے ایسی سمارٹ فون سکرین تیار کرلی ہے جو ٹوٹنے کے بعد پھر سے خود بخود جڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ‘‘کوریا انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی’’ کے سائنسدانوں نے السی کے تیل سے بھرے ہوئے خورددبینی کیپسول تیار کئے اور انہیں ‘‘پولی ڈائی میتھائل سائلوگزین’’ کہلانے والے شفاف سلیکون میں ملایا گیا۔ پھر اس محلول کو روایتی سی پی آئی سکرین پر لگا کر سوکھنے دیا گیا۔

تجربات کے دوران یہ سمارٹ فون سکرین چٹخائی گئی اور اس میں دراڑیں بھی ڈالی گئیں۔ تاہم اسی دوران مائیکرو کیپسولز بھی ٹوٹ گئے اور ان سے نکلنے والے السی کے تیل نے پولی امائیڈ سے کیمیائی عمل شروع کردیا جس کے نتیجے میں سکرین پر پڑنے والی دراڑیں دوبارہ صحیح ہونے لگیں۔ البتہ یہ عمل بہت سست رفتار تھا جسے مکمل ہونے میں کئی گھنٹے لگ گئے ۔
 

Advertisement