لاہور: (دنیا نیوز) روس نے یوکرائن کے تین جنگی بحری جہازوں پر قبضہ کر لیا جس کے بعد یوکرائن کے صدر نے تجویر دی ہے کہ پارلیمان مارشل لاء کا اعلان کر دے۔ آج پارلیمانی اراکین مارشل لا عائد کرنے کے بارے میں ووٹنگ کرے گی جبکہ عالمی برادری نے روس کے خلاف سخت ردِ عمل دیا ہے۔
روس اور یوکرائن کے مابین حالات کشیدہ ہو گئے، روس نے بحیرہ اسود میں یوکرائن کی دو جنگی کشتیوں سمیت تین جہازوں پر حملہ کر کے قبضہ کر لیا ہے۔ واقعے میں عملہ بھی زخمی ہوا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر اس واقعہ کی ذمہ داری عائد کی ہے۔
یوکرائن کے صدر نے تجویر دی ہے کہ پارلیمان مارشل لاء کا اعلان کر دے۔ آج پارلیمان میں مارشل لا عائد کرنے کے بارے میں ووٹنگ ہو گی۔ صدر کا کہنا ہے مارشل لاء سے ریاستی اداروں کو بڑی قوت ملے گی۔
واقعے کے خلاف یوکرائن کے دارالحکومت کیو میں روسی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ بھی کیا گیا۔ یوکرائن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی بھی درخواست کی ہے۔ یورپی یونین نے روس سے کہا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرے جبکہ نیٹو کا کہنا ہےکہ وہ یوکرائن کی سلامتی کی حمایت کرتا ہے۔