برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ کل ہو گی

Last Updated On 14 January,2019 03:35 pm

لندن: (دنیا نیوز) وزیراعظم تھریسامے کل ایک بار پھر برطانوی پارلیمان کو یورپ سے علیحدگی کے مجوزہ معاہدے کی حمایت کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے تجویز کردہ بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ کل ہو گی۔

سیاسی ماہرین کے مطابق پارلیمان میں بریگزٹ پر ووٹنگ میں اگر تھریسامے ہار جاتی ہیں تو وہ یہ راستہ اپنا سکتی ہیں کہ تھریسامے ڈیل دوبارہ پاس کروانے کی کوشش کریں گی، بغیر ڈیل کے بریگزٹ ہونے دیں گی یا پھر بریگزٹ ہی کو روک دیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 1945 کے بعد سے یہ برطانیہ کا سب سے بڑا سیاسی بحران ہے۔

یاد رہے کہ برطانوی ارکان پارلیمان نے رواں ماہ 9 تاریخ کو ہونیوالی قرارداد کو 297 کے مقابلے میں 308 ووٹوں کی اکثریت سے مسترد کر دیا تھا جس میں بریگزٹ ڈیل پر کل ہونے والی پارلیمانی ووٹنگ ممکنہ طور پر ناکام رہنے کے بعد پارلیمانی فیصلہ سازی کا طریقہ کار بدلنے کی بات کی گئی تھی۔

 

Advertisement