بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے چار افراد ہلاک، متعدد ریاستوں میں شدید بارشیں

Last Updated On 17 August,2019 06:38 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مشرقی ریاست بنگال میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 19 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں مون سون موسم کے دوران مشرقی ریاست بنگال میں آسمانی بجلی گرنے سے چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 19 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری طرف مدھیہ پردیش میں گزشتہ تین روز سے شدید بارش جاری ہے جس سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے، مہاراشٹر میں اونچے درجے کا سیلاب دیکھا جا رہا ہے، اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں میں شدید بارشوں کے باعث لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے تک مزید تیز بارشوں کا امکان ہے اور اونچے درجے کے سیلاب بھی متوقع ہیں، تامل ناڈو اور خشک سالی والے علاقے چنائی میں بھی بارشوں کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں کے باعث راجستھان کے ضلع ڈولپور میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جو خطرناک حد کو چھو رہا ہے، حکام کی جانب سے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ دریا کے قریب نہ جائیں۔

اُدھر ملک کے مختلف حصوں میں بارش، سیلاب اور تودے گرنے کے واقعات میں ہلاک ہونے کی تعداد 267 تک پہنچ گئی ہے۔ کرناٹک اور اڈیسہ کو چھوڑ کر دیگر ریاستوں میں سیلاب کی شدت میں کمی آ رہی ہے اور فوج مختلف ایجنسیوں کے ساتھ کاموں میں مصروف ہے۔ بارش، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں کئی لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور زیادہ تر لوگوں کو کیمپوں میں مہاجرین کی مانند زندگی بسر کرنی پڑ رہی ہے۔
 

Advertisement