بھارت غیر ملکیوں کیلئے جنوبی ایشیاکا خطرناک ترین ملک

Last Updated On 10 September,2019 12:54 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) تارکین وطن کیلئے کام کرنیوالی ایک بین الاقوامی تنظیم نے بھارت کو غیر ملکیوں کیلئے جنوبی ایشیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیدیا، پاکستان فہرست کے ابتدائی 20 ممالک میں بھی شامل نہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق’’انٹر نیشن‘‘ نے اپنے حالیہ سروے کے بعد غیر ملکیوں کیلئے دنیا کے بہترین اور خطرناک ملکوں کی فہرست جاری کر دی۔ ’’انٹر نیشن‘‘ 64 ملکوں میں کام کر رہی ہے اور ان افراد کی معاونت کرتی ہے جو اپنا ملک چھوڑ کر دوسرے ملکوں میں رہائش پذیر ہیں۔

سروے میں 182 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 20 ہزار 259 افراد کی رائے لی گئی، رائے دہندگان میں وہ لوگ شامل تھے جو اپنا آبائی ملک چھوڑ کر دنیا کے دیگر ملکوں میں رہائش پذیر ہیں، سروے میں شامل افراد سے معیار زندگی، رہائشی اخراجات، سکیورٹی وتحفظ، امن و امان اور سیاسی استحکام کے بارے میں رائے لی گئی جس کے نتائج کی بنیاد پر ملکوں کی فہرست ترتیب دی گئی۔

تنظیم نے جنوبی ایشیا کے خطرناک ترین ملکوں میں بھارت کو پہلا نمبر دیا جبکہ دنیا کے خطرناک ملکوں میں بھارت کا پانچواں نمبر ہے، بھارت کے علاوہ جنوبی ایشیا کا کوئی ملک 10 خطرناک ملکوں کی فہرست میں شامل نہیں، سروے کے دوران بھارت میں رہائش پذیر ایک آسٹریلوی شہری نے اس بات پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ بھارت میں غیر ملکی خواتین کیلئے ایک مخصوص سوچ پائی جاتی ہے، آسٹریلوی شہری نے کہا اس سوچ کے باعث بھارت میں آباد غیر ملکی خواتین کو کوئی بھی کام اکیلے کرنے میں دشواری ہوتی ہے، اس کے علاوہ آلودگی، سیاست اور سماجی مسائل بھی بھارت میں آباد غیر ملکیوں کیلئے بڑا مسئلہ ہیں۔

بھارت میں رہائش پذیر ایک کینیڈین خاتون نے بتایا کہ وہ خود کو ہر وقت اجنبی محسوس کرتی ہیں، لوگ انہیں دیکھ کر ان کی تصاویر بناتے ہیں، برے طریقے سے بات کرتے ہیں اور انہیں دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایک امیر سیاح ہیں، انہیں ایک مقامی شخص نے جنسی طور پر ہراساں بھی کیا، جس کے بعد وہ مرچوں والا سپرے اپنے ساتھ رکھتی ہیں۔

سروے کے مطابق غیر ملکیوں کیلئے خطرناک ملکوں کی فہرست میں برازیل پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، نائیجیریا تیسرے، ارجنٹائن چوتھے، بھارت پانچویں، پیرو چھٹے، کینیا ساتویں، یوکرائن آٹھویں، ترکی نویں، کولمبیا دسواں، میکسیکو گیارہویں، متحدہ عرب امارات بارہویں، برطانیہ تیرہویں، فلپائن چودہویں، اٹلی پندرہویں، امریکا سولہویں، انڈونیشیا سترہویں، یونان اٹھارہویں، کویت انیسویں اور تھائی لینڈ بیسویں نمبر پر ہے۔


 

Advertisement