افغانستان :گاڑی بارودی مواد سے ٹکرا گئی، 6 افراد جاں بحق

Last Updated On 13 July,2020 01:34 pm

کابل: (روزنامہ دنیا) افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے گاڑی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت چھ شہری جاں بحق ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان وحید اللہ نے بتایا کہ ضلع جاگاتو میں گاڑی مسافروں کو لے کر منزل کی طرف جارہی تھی کہ روڈ پر نصب بارودی مواد سے ٹکرا گئی جس سے ہونیوالے دھماکے میں 6افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے۔ تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اس کے علاوہ وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ افغان فوجیوں نے مشرقی صوبہ لوگر کے ضلع عذرا میں فوجی چوکیوں پرطالبان کے حملوں کو پسپا کردیا۔ حملے میں 8 طالبان ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب طالبان نے افغان فوجیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے گھروں اور اہلخانہ کو اپنی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ادھر پرامن وسطی صوبہ دایکندی کے ضلع پٹو میں جھڑپ کے نتیجے میں 12 عسکریت پسندوں اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 16 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ صوبائی پولیس کے نائب چیف نقیب اللہ مالستانی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عسکریت پسندوں کے گروپ نے گزشتہ روز علی الصبح ضلع پٹو کے تمازان کے علاقے میں سکیورٹی چوکیوں پر اچانک حملہ کر دیا جس سے جھڑپ شروع ہوگئی۔ جھڑپ کے نتیجے میں شدت پسندوں کو 12 لاشیں پیچھے چھوڑ کے فرار ہونے پر مجبور کردیا گیا۔
 

Advertisement