امریکہ میں کورونا وبا کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہو سکتی ہے: ٹرمپ

Last Updated On 22 July,2020 10:08 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس وبا کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ صدر منتخب ہونے پر مسلمانوں کو بھی اپنی انتظامیہ میں شامل کریں گے۔

امریکی صدر نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس وبا کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہو سکتی ہے۔ صدر نے تمام امریکی شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اثر پڑے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر کے مشیروں نے انہیں نیا لہجہ اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔

امریکا میں مزید ایک ہزار 119 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئی، مزید 67 ہزار کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد 40 لاکھ 29 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ادھر پنسلوانیا میں صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے مسلم امریکن تنظیم سے خطاب میں کہا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو مسلمانوں کا بھرپور ساتھ دیں گے اور ان کو بائیڈن انتظامیہ میں اہم عہدے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں اور مسلم ممالک پرلگی سفری پابندیاں اپنی صدارت کے پہلے روز ہی ہٹا دیں گے۔ جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ سیاہ فام خاتون کو نائب صدر بنانے پر غور کر رہے ہیں۔
 

Advertisement