قطر میں ترک فوج کی موجودگی عرب خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے: یو اے ای

Published On 12 October,2020 05:43 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) یو اے ای کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش کا کہنا ہے کہ قطر میں ترک فوج کی موجودگی عرب خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انور قرقاش کا کہنا تھا کہ قطر کے حالیہ دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان نے دعویٰ‌ کیا ہے کہ ترک فوج کی دوحا میں موجودگی خلیجی ملکوں میں امن واستحکام کے لیے ہے مگر ان کا یہ دعویٰ غلط ہے۔ ترکی کا علاقائی سطح پر کردار خلیجی ممالک کی پالیسیوں سے ہم آہنگ نہیں۔ اس کے کئی ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

انہوں‌ نے کہا کہ ترک صدر نے اپنے دورہ قطر کے اقتصادی اسباب سے توجہ ہٹانے کے لیے دوحا میں اپنی فوج کو عرب ممالک کے استحکام کا ذریعہ قرار دیا حالانکہ قطر میں ترک فوج کی موجودگی ہمارے خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کیلئے فلسطینیوں کی شرائط کی ضرورت نہیں: یو اے ای

یو اے ای کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں ترکی کی مداخلت نئی نہیں ہے۔ ترکی خطے میں اپنے ہم نوا ممالک کو اپنی زیر اثر لانا چاہتا ہے اور خطے کے ممالک کے وسائل پر اپنی بالادستی اور اجارہ داری کے قیام کا خواہاں‌ ہے۔

یاد ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان قطرے کے دوران کہا تھا کہ دوحا میں ترک فوج کی موجودگی خلیجی ممالک کے استحکام کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے اپنی تقریر میں قطر اور ترکی کے درمیان سیکیورٹی اور انٹیلی جنس شعبوں میں تعاون پر بھی بات کی۔

Advertisement