اسرائیل کیساتھ معاہدے سے امن آئیگا، فلسطینیوں کیساتھ ہیں: یو اے ای

Published On 25 September,2020 06:22 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر مملکت برائے خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات فلسطینیوں کی حمایت اور ان کے لیے امن کے حصول کا خواہاں رہے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق انور قرقاش نے دو ریاستی حل کی حمایت میں متحدہ عرب امارات کے مؤقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ دوطرفہ تعلقات کا نیا باب جس کے نتیجے میں خطے کے استحکام کو فروغ اور امن کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ معاہدہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن کے فروغ کو آگے بڑھانے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں کو کامیاب بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کیلئے فلسطینیوں کی شرائط کی ضرورت نہیں: یو اے ای

وزیر مملکت برائے خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے قیام کے بعد سے ہی اندرون و بیرون ملک ایک اعتدال پسند اور پرامن ایجنڈا اپنایا ہے۔

بصری مواصلاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے منعقدہ ایشیاء میں باہمی رابطوں اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس کے وزارتی اجلاس کے دوران انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بین الاقوامی تنازعات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے عزم کا واضح طور پر مظاہرہ کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا متحدہ عرب امارات کے وعدوں میں بین الاقوامی امن و سلامتی کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرنا ، بحرانوں پر قابو پانے کے لیے عمیق کوششیں کرنا ، تنازعات والے علاقوں میں مہاجرین کو امداد فراہم کرنا ، دوطرفہ اور علاقائی تعلقات اور بین الاقوامی تعاون کو تقویت دینا شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 13 اگست کو اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے تل ابیب کے ساتھ امن معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ دونوں‌ ملکوں‌ نے امریکا کی نگرانی میں باقاعدہ امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

Advertisement