ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی، سینیٹرز کو کیپٹل ہل پر حملے کی ویڈیوز دکھائی گئیں

Published On 11 February,2021 09:26 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) سابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے دوران سینیٹرز کو کیپٹل ہل پر حملے کی گرافک ویڈیوز دکھائی گئیں۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے مشتعل افراد سابق نائب صدر مائیک پنس اور مٹ رومنی کے کتنے قریب آ گئے تھے۔ ڈیموکریٹک سینیٹرز کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایوان کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔

سابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی امریکی سینیٹ میں جاری، سینٹرز کو کیپٹل ہل پر حملے کی مزید گرافک ویڈیوز دکھائی گئیں۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل افراد سابق نائب صدر مائیک پینس اور مٹ رومنی کے کتنے قریب آ گئے تھے۔

ڈیموکریٹک سینیٹرز کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایوان کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا تھا، حملے کے دوران سکیورٹی آفیسرز کی آڈیو بھی سنائی گئی جس میں سکیورٹی عہدیداروں سے مدد مانگتے ہوئے یہ سنا گیا کہ ہجوم کس طرح ان کے خلاف آنسو گیس جیسے ہتھیار استعمال کررہا ہے۔ ایک ویڈیو میں حملہ آور سپیکر نینسی پلوسی کو نقصان پہنچانے کیلئے ان کا نام پکارتے ہوئے تلاش کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

ڈیموکریٹس نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو مستقل طور پر عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دینے کی کوشش کریں گے تاہم سینیٹ میں سابق صدر کو سزا دینے کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے اور ابھی تک 6 ریپبلکنز نے ہی ڈیموکریٹس کی حمایت کی ہے۔

مواخذے کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکا اور اس کے سرکاری اداروں کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کیا، 6 جنوری کو واشنگٹن کے کیپٹل ہل حملے میں 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
 

 

 

Advertisement